کاروبار پاکستان میں سونے کی قیمت میں تاریخی کمی، تولہ قیمت 4 لاکھ سے کم ہوگئی

کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، فی تولہ سونا 10 ہزار روپے سستا ہوگیا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 98 ہزار 936 روپے کی سطح پر آگئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کا بھاؤ 4 لاکھ روپے سے بھی نیچے آگیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 8 ہزار 573 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 42 ہزار 23 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے، جہاں فی اونس سونا 100 ڈالر کمی کے بعد 3 ہزار 764 ڈالر پر آگیا۔
عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں میں بھی مرتب ہوئے ہیں۔ سونے کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد شہریوں اور زیورات کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والے افراد کی توجہ صرافہ بازاروں کی جانب مبذول ہوگئی ہے۔ تاہم آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں کا انحصار عالمی مارکیٹ کی صورت حال اور دیگر معاشی عوامل پر ہوگا۔
https://urdu.voiceofsindh.com.pk/gold-prices-in-pakistan-see-historic-decline-per-tola-rate-falls-below-rs400000/





