Skip to content
ہفتہ, 28 نومبر 2026 ٹرینڈنگ کراچی کرکٹ صحت شوبز
بریکنگ
دلچسپ

معمر جوڑے کی اولڈ ایج ہوم میں پروان چڑھنے والی محبت شادی میں بدل گئی

شیئر کریں
معمر جوڑے کی اولڈ ایج ہوم میں پروان چڑھنے والی محبت شادی میں بدل گئی

نئی دہلی: خاندانوں کی جانب سے تنہائی اور کسمپرسی کا شکار ہونے والے 75 سالہ شخص اور 63 سالہ خاتون نے اولڈ ایج ہوم میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر نئی زندگی شروع کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہماچل پردیش کے ضلع بلاسپور میں واقع اولڈ ایج ہوم ’’اپنا گھر‘‘ میں کنہیا لال اور سبینہ کی شادی ہندو رسوم کے مطابق انجام پائی۔

تقریب میں اولڈ ایج ہوم کے مکینوں، عملے اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ شادی کے دوران دونوں نے ایک دوسرے کو ہار پہنائے اور آگ کے گرد سات پھیرے لیے۔

اس انوکھی شادی کی کہانی بھی انتہائی جذباتی ہے۔ کنہیا لال کو 2022 میں ایک غار سے بازیاب کرایا گیا تھا۔

انہوں نے اہلیہ کے انتقال کے بعد اپنی تمام جائیداد بھائیوں کے نام کردی تھی جنہوں نے انہیں گھر سے نکال دیا اور کنہیا لال غار میں رہنے پر مجبور ہوگئے۔

دوسری جانب کولکتہ سے تعلق رکھنے والی سبینہ گھر سے بھٹک کر ہماچل پردیش پہنچ گئی تھیں۔ انہیں 2025 میں بلاسپور کے اولڈ ایج ہوم منتقل کیا گیا تھا۔

اولڈ ایج میں قیام کے دوران ان دونوں کے درمیان قربت بڑھی جو محبت میں تبدیل ہوگئی، دونوں نے باقی زندگی ایک دوسرے کے ساتھ گزارنے کا فیصلہ کرلیا۔

شادی میں ضلع بلاسپور کی ڈی سی کرن بھادانا بھی شریک ہوئیں۔ انہوں نے جوڑے کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عمر بڑھنے کا مطلب یہ نہیں کہ انسان خوشی اور رفاقت کی خواہش چھوڑ دے۔

شادی کے بعد دونوں ضلع سولن کے علاقے نالہ گڑھ میں واقع ایک دوسرے اولڈ ایج ہوم منتقل ہوجائیں گے، جہاں وہ اپنی نئی زندگی کا آغاز کریں گے۔

شیئر کریں

https://urdu.voiceofsindh.com.pk/love-blossoms-into-marriage-for-elderly-couple-at-old-age-home/

ویب ڈیسک
مصنف کے بارے میں

ویب ڈیسک

256 خبریں