وانا: سکیورٹی فورسز نے وانا میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وانا میں بارودی مواد سے بھری گاڑی خودکُش حملے سے پہلے ہی تباہ کردی گئی، گاڑی میں موجود دھماکا خیز مواد ممکنہ طور پر دہشت گرد حملے میں استعمال کیا جانا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت سے معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا، خودکُش حملے کے لیے تیار گاڑی کی مسلسل 3 دن نگرانی کی گئی اور آبادی سے دور جانے پر اسے نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں بارود سے بھری گاڑی اور موٹر سائیکل تباہ ہوگئے جب کہ ایک خارجی ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے وانا میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے وانا اور گرد و نواح کی آبادی کو ممکنہ تباہی سے بچایا، سیکیورٹی فورسز نے بارود سے بھری گاڑی اور موٹر سائیکل کو حملے سے قبل تباہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے کمال مہارت سے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا، خودکُش حملے کا ناپاک منصوبہ وقت سے پہلے ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔