راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ حملوں سے سعودی عرب کا دفاع کرنے کے لیے پاکستان کسی بھی حد تک جائے گا، پاکستان پوری طرح سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے وہاں موجود ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، کسی بھی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کا دفاع کرتے رہیں گے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سعودی سیکیورٹی کے لیے ہمارا عزم غیر مشروط ہے، یہ دونوں ملکوں کے عوام، افواج اور سیاسی قیادت کے درمیان نہ ٹوٹنے والا تاریخی رشتہ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سعودی عرب کا دفاع کرتے رہیں گے، سعودی عرب کا دفاع کرنے کے لیے پاکستان کسی بھی حد تک جائے گا۔
اس سے قبل ایک اور انٹرویو میں مکہ معاہدے کے کسی ایک فریق پر حملے پر پاکستان کے ردعمل سے متعلق سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا تھا کہ دفاعی وعدوں پر عمل درآمد کے طریقہ کار کو کبھی بھی عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیا جاتا، کسی حملے کا ردعمل کیا ہوگا، تینوں ممالک لائحہ عمل طے کریں گے اور اسی کے مطابق اس پر عمل درآمد کریں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ مکہ معاہدے پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں، سب سمجھتے ہیں کہ یہ اقدام دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد خطے میں استحکام اور امن برقرار رکھنا ہے، دفاع سے متعلق دوسرے معاہدے بھی ہیں، جن میں ایک دوسرے کو تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانیاں ہیں، آپ دراصل یہ پوچھ رہے ہیں کہ معاہدے کے تحت کیسے کارروائی کی جائے گی، فوجی کارروائیوں اور سکیورٹی سے متعلق معلومات خفیہ ہوتی ہیں، کسی بھی کارروائی کا فیصلہ ان تینوں ممالک نے کرنا ہے۔