راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن ردُالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجگور اور چاغی میں مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پنجگور کے علاقے گوارگو میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ چاغی کے علاقوں امین آباد اور سیاہ چنگ میں بھی دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔ آپریشنز کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ ان سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف یہ کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔