توشہ خانہ کیس، سابق وزیراعظم عمران خان نااہل قرار

اسلام آباد: توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دے دیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ سنایا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سنائے گئے فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان رکن قومی اسمبلی نہیں رہے، عمران خان کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب درست نہیں تھا، عمران خان کرپٹ پریکٹس میں ملوث رہے ہیں، ان کی قومی اسمبلی کی نشست کو خالی قرار دیا جاتا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری اور شہباز گل نے عمران خان سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آج یہ فیصلہ ہوا ہے ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا، آج پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے خلاف فیصلہ سنایا گیا۔
ان کا کہنا تھا الیکشن کمیشن اور الیکشن کمشنر کو پی ڈی ایم میں شامل کیوں نہیں جاتا؟ ہمیں الیکشن کمیشن سے پہلے بھی کوئی امید نہیں تھی، آج پاکستان میں انقلاب کی ابتدا ہوگئی ہے، ان ایوانوں کو الٹا کر ہی ملک کے آئین کو بچایا جاسکتا ہے۔
شہباز گل کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نواز شریف نے لکھا اور ان کے ذاتی ملازم نے اس پر دستخط کرکے سنایا، عوام اس فیصلے کو ہر لحاظ سے مسترد کرتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلہ سنانے کے لیے فول پروف سیکیورٹی طلب کرنے کے بعد کمیشن کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، پی ٹی آئی کارکنوں کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر آنسو گیس کے شیل بھی پہنچائے گئے۔
اسلام آباد انتظامیہ نے ایس ایس پی کی نگرانی میں سیکیورٹی تعینات کی، جس میں ایک ایس ایس پی، 5 ایس پیز، 6 ڈی ایس پی سمیت ساڑھے 11 سو اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جب کہ پولیس کے ساتھ ایف سی اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات تھے۔
الیکشن کمیشن میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا اور ریڈ زون میں بھی داخلہ محدود کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری، اسد عمر اور دیگر الیکشن کمیشن پہنچے جس پر کمیشن کے گیٹ کو بند کردیا گیا جس کی وجہ سے انہیں گیٹ پھلانگ کر اندر جانا پڑا۔
ریفرنس دستاویز کے مطابق عمران خان نے توشہ خانہ سے 14 کروڑ 20 لاکھ 42 ہزار روپے مالیت کے تحائف حاصل کیے جب کہ 30 ہزار روپے مالیت سے زائد کے تحائف ادائیگی کرکے حاصل کیے۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ عمران خان نے ان تحائف کے 3 کروڑ 81 لاکھ 77 ہزار روپے ادا کیے اور 8 لاکھ مالیت کے تحائف کی ادائیگی نہیں کی، عمران خان کی اہلیہ نے 58 لاکھ 59 ہزار روپے کے ہار، بُندے، انگوٹھی اور کڑا 29 لاکھ 14 ہزار روپے وصول کرکے جب کہ عمران خان نے گھڑی، کف لنکس، پین، انگوٹھی 2کروڑ 27 لاکھ روپے دے کر حاصل کیے۔
ریفرنس دستاویز میں عمران خان کی حاصل کی گئی گھڑی کی اصل مالیت 8 کروڑ 50 لاکھ، کف لنکس کی اصل مالیت 56 لاکھ روپے، پین کی اصل مالیت 15 لاکھ اور انگوٹھی کی اصل مالیت 87 لاکھ ہے۔
دستاویز کے مطابق عمران خان نے 15 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی 2 لاکھ 94 ہزار روپے دے کر، 17 لاکھ روپے مالیت کے پرفیوم، گھڑیاں، آئی فون اور سوٹ 3 لاکھ 38 ہزار روپے دے کر، ووڈ باکسز، عطر کی بوتلیں، تسبیح 2 لاکھ 40 ہزار روپے دے کر حاصل کیے۔
عمران خان نے 19 لاکھ روپے کی گھڑی 9 لاکھ 35 ہزار روپے، 10 لاکھ روپے مالیت ہیروں کا لاکٹ، بُندے، انگوٹھی اور سونے کے کڑے 5 لاکھ 44 ہزار روپے 49 لاکھ روپے کی گھڑی، کف لنکس اور انگوٹھی 24 لاکھ روپے میں خریدے۔

Disqualifiedelection commission of pakistanFormer Prime Minister of PakistanImran KhanPTI ChairmanTosha Khana case