بیجنگ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاک چین دوستی کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی ای کامرس پلیٹ فارم کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں ایگزیکٹو چیئرمین جوسائی نے ان کا استقبال کیا۔
ای کامرس پلیٹ فارم کے چیئرمین جوسائی نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم کی موجودگی میں علی بابا اور پاکستان کے درمیان طویل مدتی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔
اس موقع پر ایگزیکٹو چیئرمین جوسائی نے کہا کہ خطے میں امن کی کوششوں اور ایران امریکا جنگ بندی سے متعلق پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منارہے ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ علی بابا دنیا کے بڑے اداروں میں سے ایک ہے، صدر شی جن پنگ کی قیادت میں پاکستان چین تعلقات کو وسعت مل رہی ہے، گزشتہ سال پاکستان میں مستحق افراد کے لیے ڈیجیٹل والٹ کا اجرا کیا گیا، مستحق افراد کو شفاف انداز میں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے خطیر رقم تقسیم کی گئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹائزیشن ایک اہم سنگ میل ہے، ہم نے مل کر ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھ دی ہے، معاہدے سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا، معاہدے سے ہماری گورننس اور کاروبار میں مزید شفافیت آئے گی۔