پٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھنے پر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا کرایوں میں اضافے کا اعلان

کراچی: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل ہونے والے اضافے کے سبب آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی کرائے 5 فیصد بڑھانے کا اعلان کردیا۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز مذمت کرتے ہیں۔
شہزاد اعوان نے کہا کہ 17 روزمیں ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے اور پٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کی تھی۔ ہمارے چند مطالبات تسلیم کیے گئے ہیں اور ان پر عمل درآمد بھی جاری ہے، بیشتر مطالبات تاحال التوا کا شکار ہیں۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے 5 فیصد بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 58 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 364 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقررکی گئی ہے۔
حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں بھی 4 روپے 18 پیسے اضافہ کیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔