اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدے کا مقصد قطعی جارحیت نہیں، یہ معاہدہ تینوں ملکوں کے درمیان خطے میں امن، سلامتی اور خوش حالی کے لیے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مکہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے کی توسیع ہے، پاکستان سعودی عرب کے درمیان گزشتہ برس بھی دفاعی معاہدہ ہوا۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان، سعودی عرب، ترکیے دفاعی معاہدہ پہلے سے موجود تعاون کا تسلسل ہے، پاکستان اور ترکیے کے درمیان دہائیوں پر محیط تعاون موجود ہے۔
وزیراعظم نے حرمین شریفین کے تحفظ کی ذمے داری کو پاکستان کے عوام اور افواج کے لیے اہم فریضہ قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کابینہ نے سہ ملکی دفاعی معاہدے کو تاریخی قرار دیا، اجلاس میں شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ن لیگ کو ووٹ دیا ہے، آزاد کشمیر کے عوام کا ووٹ نواز شریف پر اظہار اعتماد ہے۔
وزیراعظم نے کہا آزاد کشمیر کے عوام کی طرف سے اعتماد کے اظہار ہر مشکور ہیں، بعض عناصر نے آزاد کشمیر کے حالات جان بوجھ کر خراب کرنے کی کوشش کی، مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جاتا ہے۔
دہشت گردی سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے بہادر سپوتوں نے عظیم قربانیاں دیں۔