سلہٹ: پاکستان کو 121 رنز جب کہ بنگلادیش کو 3 وکٹیں جیت کے لیے درکار، دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور قومی ٹیم جیت کے لیے 437 رنز کے ہدف کا تعاقب کر رہی ہے۔
437 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر 7 وکٹ پر 316 رنز بنالیے ہیں۔ محمد رضوان 75 اور ساجد خان 8 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔
اس سے قبل چوتھے دن کا آغاز پاکستانی اوپنر اذان اویس اور عبداللہ فضل نے کیا مگر 27 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ فضل 6 رنز بنا کر ناہید رانا کا شکار ہوئے، اس کے بعد اذان اویس بھی 41 کے مجموعے 21 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
دو وکٹ کے نقصان کے بعد بابر اعظم اور شان مسعود نے اچھی شراکت قائم کی تاہم بابر اعظم 52 گیندوں پر 47 رنز بنا کر تیج الاسلام کا شکار بن گئے جب کہ شان مسعود 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
واضح رہے سلہٹ ٹیسٹ میں بنگلا دیش نے پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان ٹیم 232 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور 46 رنز کے خسارے میں چلی گئی۔
بنگلادیشی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 390 رنز بنائے اور 46 رنز کی برتری کے ساتھ پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا ہدف دیا۔