شانگلہ کے علاقے کوزہ الپوری، رحیم آباد میں ایک گھر کے کمرے کی چھت گرنے سے 6 بچے جاں بحق جب کہ ایک بچی زخمی ہو گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے وقت کمرے کے ملبے تلے 7 بچے دب گئے تھے، جس کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری جائے وقوع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے ملبے تلے دبے بچوں کو نکالنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ریسکیو آپریشن جاری رکھا۔
حکام کے مطابق فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام بچوں کو ملبے سے نکال لیا گیا، تاہم افسوس ناک واقعے میں 6 بچے جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک بچی کو معجزانہ طور پر زندہ نکال لیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق بچی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 شانگلہ انجینئر ملک شیر دل خان کی زیر نگرانی امدادی کارروائیاں مکمل کی گئیں۔ ٹیموں نے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے آپریشن انجام دیا اور ملبے تلے دبے تمام بچوں کو نکالا۔
دریں اثناء پولیس نے واقعے سے متعلق بتایا کہ چھت گرنے کا واقعہ رات 2 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ گھر کے مالک کی شناخت فضل داد کے نام سے ہوئی ہے جب کہ جاں بحق بچوں میں ناظرہ بی بی عمر 14/15سال، سمیرا بی بی عمر 13/14 سال، رضوان عمر 4/5 سال، نایاب عمر 7/8 سال، حیا نور عمر 4/5 سال اور عمیرہ عمر 12/13سال شامل ہیں۔
چھت گرنے سے زخمی بچی کی شناخت مروا عمر 11 سال کے نام سے ہوئی ہے۔