سندھ: کورونا پابندیوں میں نرمی، رات 10 بجے تک کاروبار کی اجازت

کراچی: کورونا کی صورت حال میں بہتری پر سندھ حکومت نے کئی پابندیوں میں نرمی کا اعلان کردیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا کے باعث عائد پابندیوں کے حوالے سے نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کا اطلاق 30 ستمبر تک ہوگا۔ اس کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں کاروباری اور تجارتی مراکز رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے، گھروں سے کام کرنے کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے اور اب دفاتر میں 100 فیصد عملہ کام کرسکے گا۔ ہفتے میں صرف ایک دن سیف ڈے ہوگا، کراچی میں اتوار جب کہ سندھ کے دیگر علاقوں میں جمعہ سیف ڈے کے طور پر بند ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں انڈور ڈائننگ رات 12 بجے تک کھلی رہے گی تاہم انڈور ڈائننگ کے لیے ویکسی نیشن کارڈ ساتھ رکھنا لازم ہوگا۔ ریسٹورنٹس میں 50 فیصد افراد کو بٹھانے کی اجازت ہوگی۔ سنیما اور انڈور گیمز پر پابندی ہوگی لیکن جم کورونا ایس او پیز کے تحت کھولے جاسکیں گے، مزارات مقامی انتظامیہ اور محکمہ اوقاف کی اجازت سے کھولے جاسکیں گے، تفریحی پارکس، واٹرپارکس، پبلک پارکس اور سوئمنگ پولز 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولے جاسکتے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد اور ریلوے ٹرینوں میں 70 فیصد مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی۔
سندھ حکومت نے شادی بیاہ کی ان ڈور تقریبات کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ ان ڈور تقریبات میں 200 مہمانوں کی اجازت ہوگی جب کہ اوپن ایریا میں شادی بیاہ کی تقریبات میں 400 مہمانوں کی اجازت ہوگی۔

Covid 19easing of Corona sanctionskarachisindh govt