اسلام آباد اور راولپنڈی میں دہشت گردی کا خدشہ ہے، شیخ رشید

اسلام آباد: شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی دوبارہ منظم ہورہی ہے جب کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دہشت گردی کے واقعات کا خدشہ ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ روز راولپنڈی اور وفاقی دارالحکومت میں فائرنگ کے دو واقعات میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے، جس کی مذمت کرتے ہیں، ہماری افواج اور پولیس نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے امن قائم کیا، زندگی کا کوئی معاوضہ نہیں، تاہم شہدا کے لواحقین کے ساتھ پورا تعاون کیا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پولیس اور فوج امن و امان قائم کرتی ہے، کل افواج نے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے، افغانستان سے ٹی ٹی پی دوبارہ منظم ہورہی ہے جب کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دہشت گردی کے واقعات کا خدشہ ہے، تاہم دہشت گرد شکست کھائیں گے اور ملک میں امن و سکون کی فضا قائم ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں 3 ناکے ختم کریں گے، سارے ناکے فضول اور غریبوں کو تنگ کرتے تھے۔ گزشتہ روز اسمبلی کے سامنے جو کچھ ہوا برا ہوا، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، قائدین کو بھی پریس کانفرنس کے لیے مناسب جگہ کا انتخاب کرنا چاہیے تھا۔

interior ministerIslamabadrawalpindiShaikh Rasheed