راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 24 خوارج ہلاک کردیے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بنوں ضلع میں حالیہ دہشت گرد کارروائیوں، پولیس پر حملوں اور گاڑی میں نصب خودکُش بم دھماکے کے تناظر میں سیکیورٹی فورسز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشنز شروع کیے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بنوں اور ملحقہ علاقوں میں شدید فائرنگ کے تبادلوں کے بعد بھارتی پراکسی "فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے 24 خوارج ہلاک کر دیے گئے، ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، یہ دہشت گرد متعدد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
بیان کے مطابق علاقے میں آپریشنز جاری رہیں گے اور ان گھناؤنے اور بزدلانہ حملوں کے ذمے داروں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔