راولپنڈی: خیبر پختون خوا کے ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوا میں سیکیورٹی فورسز کے سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں 22 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوا میں بھارتی حمایت یافتہ خوارج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کلین اپ جاری ہے۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام کو موثر طریقے سے تلاش کیا اور 24 گھنٹوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 22 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد ہوا جب کہ مارے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ سینیٹائزیشن آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے اعلامیے میں بتایا کہ خوارج نے محفوظ راستہ لینے کے لیے مقامی آبادی کو زبردستی انسانی ڈھال کے طور پراستعمال کیا، اس طرح کی افسوس ناک حرکتیں انتہائی قابل مذمت ہیں، عوامی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کا کوئی جواز نہیں بن سکتا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ویژن عزم استحکام کے تحت علاقے میں چھپے خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشن کررہی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ عزم استحکام ویژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور کامیابیاں حاصل کررہی ہیں، ہماری سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور اسے جڑ سے ختم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔