سلامتی کے شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال قابل فخر ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں مسلح افواج نے خودمختار نظام اور سائبر سیکیورٹی کے ذریعے سرحدوں کا دفاع کیا۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹم ایکسپو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش اور اقدامات پاکستان کو 21 ویں صدی کی جدید ٹیکنالوجی میں صف اول کا ملک بنائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سلامتی کے شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال قابل فخر ہے، پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی میں اہم کامیابیاں حاصل کیں، ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد مقامی بنیادوں پر تیاری مکمل حاصل کر لی ہے۔
معرکہ حق میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی اپنائی، فیلڈ مارشل کی سربراہی میں ائیرچیف اور نیول چیف کی معاونت شاندار رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں مسلح افواج نے خودمختار نظام اور سائبر سیکیورٹی کے ذریعے سرحدوں کا دفاع کیا، پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرے گا۔