حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے ہم غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ دیکھ رہے ہیں۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا اسلام آباد میں بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے اور بچوں کی فلاح و بہود کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں، معاشرے کے تمام طبقات کی بھی ذمے داری ہے کہ وہ بچوں کے حقوق کے لیے ریاست کی مدد کریں۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا، اس وقت غزہ کے بچے میرے ذہن میں ہیں، ہم غزہ میں فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ دیکھ رہے ہیں، فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ فوری طور پر روکا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ریاست سمجھتی ہے کہ وہ ملٹری کی وجہ سے بہت طاقتور ہے، لیکن پیشہ ورانہ افواج مقابل فوجوں سے لڑتی ہیں، نہتے بچوں کا قتل عام نہیں کرتیں، نہتے بچوں کا قتل حقوق انسانی اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا غزہ میں ہونے والے واقعات کو مذہب سے ہٹ کر انسانی حقوق کے تناظر میں دیکھا جائے، ہم غزہ کے بچوں کے سامنے شرمندہ ہیں، فلسطین میں پیدا ہونے والی صورتحال مستقبل کے تنازعات کی اہم وجہ بنے گی، اس صورت حال کا آنے والی صدیوں میں کبھی دفاع نہیں کیا جاسکے گا، غزہ میں ہونے والی نسل کشی کے خلاف پاکستان آواز اٹھاتا رہے گا۔

PM KakarspeechWorld Children Day