پاکستان کا ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان

اسلام آباد: حکومت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کی اجازت دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کرے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں حکومت پاکستان نے بتایا کہ حکومت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2026 میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ٹیم 15 فروری 2026 کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ نہیں کھیلے گی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے حتمی فیصلے کے لیے مشاورت ہوئی۔ یہ مشاورت چیئرمین کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ کی۔
پاکستان کو ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ اے میں بھارت، نیدرلینڈز، امریکا اور نمیبیا کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق پاکستان کا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کولمبو میں ہوگا، پاک-بھارت بڑا مقابلہ 15 فروری کو کولمبو میں رکھا گیا ہے۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا تھا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے، جس میں ٹیم کی ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے اہم اعلان کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا تھا کہ اگر پاکستان کی شرکت کا فیصلہ ہوجاتا ہے تو ٹیم کٹ کی رونمائی بھی جلد کی جائے گی، تاہم ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں پی سی بی نے پلان بی بھی تیار کر رکھا ہے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ پلان بی کے تحت پاکستان، پاکستان شاہینز اور انڈر18 ٹیموں کا متبادل ٹورنامنٹ لاہور میں منعقد کیا جائے گا۔

AnnouncedBoycott India MatchPakistant20 world cup