زمبابوین کھلاڑی مزرابانی پر پی ایس ایل میں شرکت پر دو سال کی پابندی عائد

لاہور: پی سی بی نے زمبابوے کے کرکٹر بلیسنگ مزرابانی کو فوری اگلے دو ایڈیشنز میں شرکت کے لیے نااہل قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ پی ایس ایل میں کیے جانے والے معاہدے کی خلاف ورزی پر کیا گیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ فیصلہ پی ایس ایل کے معاہدے کے لیے متفقہ وعدوں کا احترام کرنے میں ناکامی پر کیا۔
پی سی بی کا موقف ہے کہ پیشہ ورانہ کرکٹ اعتماد کی بنیاد اور معاہدوں کی یقین دہانی پر چلتی ہے، مذکورہ کرکٹر نے ذمے داریوں کو نظرانداز کیا۔
ضروری شرائط بشمول معاوضے اور ڈھانچے پر تحریری خط و کتابت کے ذریعے اتفاق کے بعد اس کی پاسداری ذمے داری بن جاتی ہے، چنانچہ درست وجہ کے بغیر اس طرح کے وعدوں سے ہٹنے کی کوشش متضاد ذمے داریوں اور نیک نیتی کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اخلاقی فریم ورک پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جب کہ دو سال کی پابندی خلاف ورزی کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔
زمبابوین کرکٹر نے پی سی بی کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی، جس پر قانونی ایکشن لیا گیا۔
رواں سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے پر رضامندی کے باوجود 29 سالہ بولر مزاربانی نے بھارتی لیگ کے ساتھ معاہدہ کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ سال جنوبی افریقا کے کرکٹر کوربن بوش کے خلاف بھی معاہدے کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی تھی۔