کراچی: پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان فضا علی مارننگ شو میں اپنے شوہر کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت پر قانونی مشکل میں پھنس گئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق محمد نواز ڈاہری ایڈووکیٹ نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں میزبان اور مہمان کی جانب سے نازیبا حرکات پر چیئرمین پیمرا کو شکایت جمع کردی۔
درخواست میں ٹی وی میزبان فضا علی کی جانب سے مبینہ طور پر اپنے شوہر کے ساتھ براہ راست پروگرام میں نازیبا اور غیر اخلاقی عمل پر کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
نواز ڈاہری ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پروگرام میزبان فضا علی کی ویڈیو وائرل ہے، ٹی وی چینل پر غیر اخلاقی مواد نشر کرنا پیمرا کے قانون کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے پیمرا سے درخواست کی کہ اس طرح کی حرکات نشر کرنے پر نجی ٹی وی چینل اور پروگرام ٹیم کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ نجی ٹی وی پر نشر ہونے والا مارننگ شو فوری بند کرکے انکوائری کی جائے۔
نواز ڈاہری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ میڈیا چینلز کو پیمرا قانون پر عمل کرانا پیمرا کی اولین ذمے داری ہے۔
خیال رہے کہ فضا علی نے حال ہی میں تیسری شادی کی، جس کی وجہ سے وہ آج کل مسلسل خبروں میں ہیں جب کہ وہ اپنے شوہر اعجاز خان کے حوالے سے بھی مداحوں کو اپ ڈیٹ کرتی رہتی ہیں۔
حال ہی میں فضا علی نے اپنے شو میں اپنے شوہر کو مدعو کیا۔ شو کے دوران فضا علی کی بیٹی فِرال بھی والدہ اور سوتیلے والد کے ساتھ پروگرام میں موجود تھیں۔
انہوں نے اعجاز خان سے کہا کہ کیا وہ انہیں لائیو شو میں بھی اسی طرح اٹھا سکتے ہیں جیسے گھر پر اٹھایا تھا۔
جس پر انہوں نے فوراً اپنی اہلیہ کو لائیو پروگرام کے دوران کندھے پر اٹھا لیا، یہ لمحہ اب سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے اور لوگ اس پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔