معاہدہ نہ ہونے پر جنگ بندی میں توسیع نہیں ہوسکتی، صدر ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر 22 اپریل تک مذاکرات کے نتیجے میں کوئی حتمی معاہدہ نہ ہوا تو ایران کے ساتھ عارضی جنگ بندی میں توسیع نہیں ہوسکتی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرفورس ون میں سوار صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے فوجی آپریشن دوبارہ شروع کرنے کے امکان پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے میں شاید میں توسیع نہیں کروں گا۔ ناکہ بندی جاری ہے اور بدقسمتی سے ہمیں دوبارہ بم گرانا پڑے گا۔
خیال رہے کہ موجودہ عارضی جنگ بندی جو 8 اپریل کو شروع ہوئی، چار دن میں ختم ہونے والی ہے جبکہ 11 سے 12 اپریل کو ہونے والے مذاکرات کا پہلا دور کسی اعلان کردہ معاہدے کے بغیر اختتام پذیر ہوا۔
ٹرمپ نے امید کا اظہار کیا ہے کہ اعلیٰ سطح ملاقاتوں کا دوسرا دور ہفتے کے آخر میں ہو سکتا ہے۔