نواز شریف کے دائمی وارنٹ گرفتاری کے اجرا کیلیے نیب کی استدعا

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے ہائی کورٹ سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کردی۔
جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے فاضل بینچ نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی احتساب عدالت سے سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت نیب کی طرف سے کوئیٍ پیش نہ ہونے پر عدالت عالیہ نے حیرانی کا اظہار کیا۔ جس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ نیب موجود ہی نہیں؟ نیب نے ہی تو درخواست دی تھی، کیا نیب کو کورونا ہوگیا ہے؟
عدالت نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کی جانب سے اپیلوں کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ کیس کی سماعت اب مئی کے آخری ہفتے میں ہوگی۔
بعد ازاں نیب حکام اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے اور نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ نے نواز شریف کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کردی۔ جس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ نواز شریف العزیزیہ ریفرنس میں اشتہاری ہوچکے عدالتی معاونت کون کرے گا؟ نیب اور نواز شریف کے وکیل دونوں عدالت کی معاونت کریں کہ کیسے نمائندہ مقرر کیا جائے۔

ApplicationArrest Warrantislamabad High courtNabNawaz sharif