فلم سائیکو کے کردار کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھی، میرا

لاہور: فلموں کی معروف اداکارہ میرا نے انکشاف کیا ہے کہ فلم سائیکو کی شوٹنگ کی وجہ سے وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں۔
حال ہی میں اداکارہ میرا نے ایک انٹرویو دیا، جس میں میزبان کی جانب سے ان کے فلمی کیریئر سمیت ذاتی زندگی سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔
میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ سے متعلق خبر آئی تھی کہ آپ کو امریکا کے پاگل خانے میں داخل کروایا گیا؟ اس پر میرا نے بتایا کہ پاگل خانہ نہیں تھا، شان شاہد کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم سائیکو میں میرا ایک شدید کردار تھا، فلم کے پہلے مرحلے کی شوٹنگ کے دوران مجھے ڈپریشن ہوگیا تھا جس سے میری طبیعت کافی خراب ہوگئی تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ اپنے علاج کیلئے میں نیویارک گئی اور وہاں اپنی ڈاکٹر ماہر نفسیات سے ملی جنہوں نے میری رہنمائی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس کردار سے باہر آنے میں کافی محنت کرنا پڑی، مجھے پہلی بار معلوم ہوا کہ ایک کردار میں کیسے ڈھلنا ہے، شان شاہد ایک اچھے ڈائریکٹر ہیں، انہوں نے مجھے بتایا کہ کردار کو کیسے جینا ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ میرا اور اداکار شان شاہد کی فلم سائیکو اس سال عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہوگی، جس کی سپورٹنگ کاسٹ میں جاوید شیخ، سونیا حسین، نیر اعجاز اور شبیر جان شامل ہیں۔