9 مئی کرنے اور کروانے والوں کو سزا دینی پڑے گی، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی کے دہشت گرد افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کررہے ہیں، پاکستان میں دہشت گرد حملوں کا مقصد معاشی ترقی کو نقصان پہنچانا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹھوس شواہد موجود ہیں، ٹی ٹی پی پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کررہی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے جواب میں افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف کارروائی کی، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی سرکوبی کے لیے ہر حد تک جائیں گے، فوج کی اولین ترجیح ملک میں امن قائم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بشام میں چینی انجینئرز پر خودکُش حملے کی کڑیاں بھی سرحد پار سے ملتی ہیں، اس حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کا افغانستان سے کنٹرول کیا جارہا تھا، پاکستان میں دہشت گرد حملوں کا مقصد معاشی ترقی کو نقصان پہنچانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی پر حملے کو فوجی جوانوں نے ناکام بنایا، 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، دہشت گردی کی ناکام کارروائیاں ثبوت ہیں کہ فورسز دشمن کے عزائم کو ناکام بنارہی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کررہا ہے، بھارتی ایجنسیوں نے پاکستان میں 2 شہریوں کو قتل کیا، پاکستان دہشت گردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا، بھارتی فوج ایل او سی پر معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے، اسے منہ توڑ جواب دیا ہے اور دیتے رہیں گے، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کو شہید کررہی ہیں، بھارتی ایجنسیاں پاکستانیوں کے قتل میں ملوث ہے۔
میجر جنرل احمد شریف نے زور دیا کہ لاپتا افراد کے مسئلے کو بڑھا چڑھاکر پیش کیا جاتا ہے، ملوث افراد کے تانے بانے بیرون ملک سے ملتے ہیں، پاکستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، انہیں کٹہرے میں لانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی فوج نہیں بلکہ عوام کا مقدمہ ہے، 9 مئی کرنے اور کروانے والوں کو آئین کے مطابق سزا دینی پڑے گی۔

 

9th May IncidentAfghanistanAttackDG ISPRMajor General Ahmad SharifPress conferenceTTP Terrorist