اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری بار پی ایس ایل چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا

کراچی: اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل 9 کے فائنل میں ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ یوں وہ پی ایس ایل کی تاریخ کی واحد ٹیم بن گئی، جس نے تین بار ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کا 160 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی آخری گیند پر حاصل کرلیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ اس سے قبل 2016 میں پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن اور 2018 میں تیسرے ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے مارٹن گپٹل 50، اعطم خان 30، نسیم شاہ اور کولن منرو 17، 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
آغا سلمان نے 10، شاداب خان 4، حیدر علی نے 5 اور فہیم اشرف ایک رن بناسکے۔
آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے حنین شاہ نے آخری گیند پر وننگ شاٹ لگاکر ٹیم کو کامیابی دلائی اور 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ عماد وسیم 19 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
ملتان سلطانز کی طرف سے خوشدل شاہ اور افتخار احمد نے 2،2، ڈیوڈ ولی، محمد علی اور اسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ عثمان خان 57، افتخار احمد 32 اور محمد رضوان 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
خوشدل شاہ 11 رنز ، یاسر خان، ڈیوڈ ولی اور اسامہ میر 6، 6 رنز، جانسن چارلس 4 رنز اور عباس آفریدی 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
کرس جورڈن صفر پر ہی پویلین لوٹ گئے جبکہ نویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے محمد علی بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے عماد وسیم نے 5 اور شاداب خان نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے، انہوں بطور مہمان خصوصی مقابلے کے اختتام پر انعامات تقسیم کیے۔
یاد رہے کہ چوتھی مرتبہ فائنل میں جگہ بنانے والی ملتان سلطانز کی یہ فائنل میچ میں لگاتار تیسری شکست ہے۔ ملتان سلطانز کو گزشتہ دو ایڈیشنز میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں مات ہوئی تھی جب کہ وہ 2021 میں پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔

islamabad unitedMultan SultansPSL 9Wins Third TimeWon