دراندازی کی کوشش ناکام، 15 دہشت گرد جہنم واصل

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کی پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھارتی سرپرست یافتہ 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے پاک افغان سرحد کے قریب ملک میں داخل ہونے کی کوشش کی، جنہیں سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ انداز میں کامیابی سے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی 36 گھنٹے جاری رہی، ہلاک ہونے والے خوارج سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ملک میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے تھے، افغان طالبان حکومت دہشت گرد تنظیم کو افغان سرزمین استعمال کرنے سے روکنے، مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمے داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں، بھارتی سرپرستی یافتہ خارجیوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، غیر ملکی سرپرست اور حمایت یافتہ دہشت گردی ختم کرنے کے لیے انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی۔