علی امین گنڈاپور کو خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ نامزد کردیا، عمران خان

راولپنڈی: پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو خیبر پختون خوا (کے پی کے) کا وزیراعلیٰ نامزد کردیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی، ان سے اتحاد نہیں ہوسکتا، سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن کو ان تین جماعتوں کے سوا باقی سب کو اکٹھا کرنے کا کہا ہے، دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے والی تمام جماعتوں کو اکٹھا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی سے ملک میں عدم استحکام بڑھے گا اور معیشت پر برا اثر پڑے گا، منی لانڈرنگ سنڈیکیٹ کو لانے کی کوشش ہورہی ہے، شریف خاندان ملک کا سب سے بڑا منی لانڈرر ہے، ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ڈالرز ہیں اور یہ ڈالرز بیرون ملک بھیجتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسی دھاندلی ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، اب پتا چل گیا کہ ہم آر اوز کے الیکشن کے خلاف کیوں تھے، نواز شریف کے پریس کانفرنس ملتوی کرنے پر ہم جان گئے تھے کہ ہم الیکشن جیت گئے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز دونوں الیکشن ہارے ہیں، جب رزلٹ رکنا شروع ہوئے تو یقین ہوگیا کہ پی ٹی آئی جیت گئی ہے، عالیہ حمزہ نے جیل میں بیٹھ کر ایک لاکھ سے زائد ووٹ لیے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم سب سے پہلے انتخابی نتائج کو چیلنج کررہے ہیں، ہم سپریم کورٹ بھی جائیں گے، وزیراعظم کے لیے ابھی کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا، اس پر غور کروں گا، وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا کے لیے میں نے علی امین گنڈاپور کو نامزد کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیل میں کسی بھی اعلیٰ سرکاری عہدے دار سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، میں بنی گالہ شفٹ نہیں ہورہا، بشریٰ بی بی کی بھی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست زیر سماعت ہے۔

Ali Amin GandapurImran Khanmedia talkNominate CM KPKPTI Founder