واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ امریکا کا مجوزہ معاہدہ ابھی مکمل طور پر طے نہیں پایا، تاہم اس حوالے سے اچھی خبر ہی سامنے آئے گی، کیونکہ وہ بری ڈیل نہیں کرتے۔
امریکی ٹی وی چینل اے بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہونے والا ممکنہ معاہدہ سابق امریکی صدر بارک اوباما کے دور کے معاہدے سے بالکل مختلف ہوگا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ابھی تک کسی نے اس معاہدے کی تفصیلات نہیں دیکھیں اور نہ ہی عوام جانتے ہیں کہ اس میں کیا شامل ہے، اس لیے ایسے لوگوں کی باتوں پر توجہ نہ دی جائے جو مکمل معلومات کے بغیر تنقید کررہے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان سے پہلے آنے والی قیادت کو یہ مسئلہ کئی سال پہلے حل کرلینا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات منظم اور تعمیری انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور معاہدے کی کامیابی کا انحصار ایران کے فیصلوں پر ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جو امریکا کے مفادات اور خطے کے استحکام کے لیے مؤثر ثابت ہو۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک جنگی جہاز کے نیچے نصب میزائل کی تصویر بھی شیئر کی، جس پر ایک مخصوص جملہ تحریر تھا۔ اس پوسٹ کو ایران سے جاری کشیدگی اور جاری مذاکرات کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔