پنسلوانیا: امریکا میں بیوی کے طلاق کے مطالبے کے بعد شوہر نے گھر گرانا شروع کر دیا۔
ریاست پنسلوانیا کی بٹلر کاؤنٹی میں 48 سالہ شخص پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے بیوی کی جانب سے طلاق کا مطالبہ کیے جانے کے بعد کھدائی کرنے والی بھاری مشین (ایکسکیویٹر) کے ذریعے اپنا ہی گھر مسمار کرنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق بُفیلو ٹاؤن شپ پولیس ڈیپارٹمنٹ کو گزشتہ ہفتے پیر کو مارٹن روڈ پر واقع ایک گھر سے ہنگامی کال موصول ہوئی، جہاں ایک خاتون نے اطلاع دی کہ ان کا شوہر بھاری مشینری استعمال کرتے ہوئے گھر کو گرانے کی کوشش کررہا ہے۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ان کا شوہر ایرِک رات بھر شراب نوشی کے بعد جب گھر واپس آیا تو انہوں نے اس کو بتایا کہ وہ اس سے طلاق لینا چاہتی ہیں۔
پولیس کے مطابق طلاق کے مطالبے پر مشتعل ہو کر ایرک نے مبینہ طور پر ایکسکیویٹر چلا کر گھر کے ایک حصے کو نقصان پہنچانا شروع کردیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت گھر میں خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے، جس کے باعث صورت حال مزید خطرناک ہوگئی۔
پولیس نے ملزم کے خلاف دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے، تباہ کن صورت حال پیدا کرنے اور ہنگامہ آرائی سمیت متعدد الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے جب کہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔