ڈیلی میل کی معافی پر عمران اور پارٹی کو سر شرم سے جھکالینا چاہیے، نواز شریف

لندن: ملک کے سب سے زیادہ تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کی معافی پر ردعمل میں کہا ہے کہ ہماری بے گناہی کا اس سے بڑا کیا ثبوت ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ایما پر شہزاد اکبر نے جو شہباز شریف پر جھوٹے الزامات لگائے، اس پر برطانیہ کے سب سے بڑے اخبار ڈیلی میل نے عدم ثبوت کی بنا پر معافی مانگ لی ہے، الله پاک نے شہباز شریف اور شریف خاندان کو سرخرو کیا ہے۔
قائد ن لیگ نے کہا کہ منی لانڈرنگ، کرپشن، کمیشن، کک بیکس فنڈز اور آفس کے غلط استعمال کے شہباز شریف پر جھوٹے الزامات لگائے گئے، ان الزامات کی نیشنل کرائم ایجنسی پہلے ہی تحقیقات کرکے شہباز شریف کو کلین چٹ دے چکی ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ڈیلی میل کی معافی کے بعد عمران خان، ان کی پارٹی اور شہزاد اکبر کو اپنا سر شرم سے جھکالینا چاہیے، یہ لوگ ملک سے باہر ملک کی بدنامی کا سبب بنے۔
نواز شریف نے کہا کہ برطانیہ میں نہ ن لیگ کی حکومت ہے نہ تحریک انصاف کی اور نہ ہی کسی اور سیاسی جماعت کی یہ ایک آزاد جمہوری ملک ہے، عوام کی حکمرانی ہے، وہ ملک یہ کہہ رہا ہے اس ملک کے اخبار نے معافی مانگی ہے، کسی کی معصومیت اور بے گناہی کا اس سے بڑا اور کیا ثبوت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جو شخص خود سر سے پاؤں تک کرپشن میں ملوث ہے، وہ ان لوگوں پر الزامات لگارہا ہے جنہیں برطانیہ کی عدالتوں سے بے گناہی کے ثبوت ملے، آج بچے بچے کی زبان پر توشہ خانہ چوری کے قصے ہیں، عمران خان پر کرپشن کے الزامات نہیں بلکہ ثابت شدہ کرپشن ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نااہل کیا گیا، ہم پر تو مفت میں ہی کیس بنتے رہے، مفت میں جلاوطن کیا گیا مجھ پر تو ہائی جیکنگ کا کیس بھی بنایا گیا، منتخب وزیراعظم کو 10 ہزار ریال تنخواہ جو نہیں لی گئی اس پر نااہل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہم وہ ہیں جنہوں نے پاکستان کی معیشت کو دن دگنی رات چوگنی ترقی دی ہم وہ جنہوں نے پاکستان میں موٹرویز بنائیں، ایک منصوبے کا نام بتائیں جس کی بنیاد عمران خان نے رکھی ہو اور یہ فخر سے کہہ سکیں کہ یہ منصوبہ ہم نے شروع کیا تھا اور پایۂ تکمیل تک پہنچایا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں ایک میٹرو بنائی وہ بھی فالٹی اور اربوں کا خرچہ نیب کیس بھی بن گیا، بلین ٹری اور القادر ٹرسٹ کی جب تفصیلات سامنے آئیں گی تو لوگوں کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے 50 ارب کی کرپشن ہے۔

Daily mail apologizeFormer Prime Minister of PakistanImran Khanmedia talkNawaz sharifPML N ChiefPTI