ملک میں رواں مون سون سیزن غیر معمولی بارشوں کی پیش گوئی

اسلام آباد: ملک میں رواں برس کے مون سون سیزن میں غیر معمولی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ہیڈکوارٹرز میں وفاقی وزرا کو دی گئی بریفنگ کے دوران بتایا گیا ہے کہ رواں برس مون سون سیزن کے دوران غیر معمولی بارشوں کا امکان ہے۔
اس دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کے خطرات بڑھ رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایمرجنسی رسپانس کمیٹی روز کی بنیاد پر میٹنگ کررہی ہے۔
دوسری جانب وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بتایا کہ بالائی خیبرپختونخوا اور شمالی علاقوں میں بارشیں زیادہ جب کہ میدانی علاقوں میں کم ہوں گی، دونوں کے لیے حکمت عملی بنائی جارہی ہے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے ارلی وارننگ سسٹم کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا، ارلی وارننگ اور مؤثر آگاہی کی بدولت نقصانات میں کمی ممکن ہوئی۔
اس کے علاوہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ تباہ کن سیلابوں کے معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہورہے ہیں، موسمیاتی تبدیلی اور آبادی کیلئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر آگاہی ضروری ہے۔