سکھر بیراج میں اونچے درجے کا سیلاب، ریلا کوٹری بیراج کی طرف بڑھنے لگا

سکھر: سندھ میں سیلاب سے صورت حال خاصی سنگین ہے، سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جو کوٹری بیراج کی طرف بڑھ رہا ہے۔
انچارج کنٹرول روم سکھر بیراج کے مطابق تونسہ بیراج سے آنے والا 6 لاکھ کیوسک کا ریلا سکھر بیراج میں داخل ہوگیا ہے، جس کے بعد 24 گھنٹوں میں سکھر بیراج میں 29 ہزار کیوسک پانی کا اضافہ ہوگیا ہے۔
انچارج کنٹرول روم کے مطابق سکھر بیراج سے 5 لاکھ 59 ہزار 998 کیوسک کا ریلا کوٹری بیراج کی جانب جارہا ہے، پانی کی آمد 5 لاکھ 59 ہزار 998 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔
انچارج کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ سکھر اور کوٹری بیراج میں اونچے درجے کے سیلاب کے پیش نظر سکھر بیراج سے نکلنے والی تمام کینالیں بند رہیں گی۔
دوسری جانب محکمہ انہار کے مطابق منچھر جھیل میں پانی کا دباؤ بدستور جاری ہے۔
ڈی سی جام شورو کا کہنا ہے کہ منچھر جھیل میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے پر قریبی آبادی خالی کرائی جاسکتی ہے۔

Flood in SindhHigh Flood in Sukkur BarrageKotri BarragePakistanSindh