فیفا ورلڈکپ 2026 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان، میسی اور ایمباپے بھی شامل

نیویارک: فٹ بال ورلڈکپ 2026 کے اختتام کے بعد فیفا نے باضابطہ طور پر ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کردیا۔
فیفا کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں نئی عالمی چیمپئن اسپین کے سب سے زیادہ تین کھلاڑیوں کو جگہ دی گئی ہے۔
4-3-3 فارمیشن پر مشتمل اس بہترین الیون میں مجموعی طور پر سات مختلف ممالک کے کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقدہ میگا ایونٹ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اسپین کی جانب سے دفاعی کھلاڑی مارک کوکوریلا اور پیڈرو پورو کے ساتھ مڈفیلڈر روڈری کو منتخب کیا گیا جنہوں نے ٹیم کو عالمی ٹائٹل دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
فائنل میں شکست کھانے والی ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی کو فارورڈ لائن میں جب کہ دفاعی کھلاڑی لیسانڈرو مارٹینیز کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا۔
فرانس کے کائلیان ایمباپے، مائیکل اولیسے اور ڈیوٹ اپامیکانو بھی بہترین الیون کا حصہ بنے جب کہ انگلینڈ کے جوڈ بیلنگھم نے مڈفیلڈ میں جگہ حاصل کی۔
ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ کو مرکزی اسٹرائیکر منتخب کیا گیا جب کہ کیپ وردے کے گول کیپر ووزینہا اپنی غیر معمولی گول کیپنگ کی بدولت ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہونے میں کامیاب رہے۔