فیلڈ مارشل کی تہران میں ایرانی وزیر خارجہ سے اہم ملاقات

تہران: پاکستان کی امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی ایران میں موجود ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن، استحکام، مغربی ایشیا کی سیکیورٹی سے متعلق سفارتی کوششوں پر گفتگو کی۔
گزشتہ روز فیلڈ مارشل عاصم منیر جاری ثالثی کوششوں کے سلسلے میں تہران پہنچے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تہران آمد پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے فیلڈ مارشل کو خوش آمدید کہا اور پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دورۂ ایران کے دوران ایران امریکا بات چیت، خطے میں قیام امن اور دیگر اہم امور پر بات چیت کریں گے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم اعلیٰ ایرانی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔