ملک بھر میں بجلی صارفین کے لیے بڑا ریلیف ختم ہونے کا اندیشہ

اسلام آباد: کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے جاری بڑا ریلیف ختم ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے، جس کے بعد آئندہ ماہ سے بجلی مزید مہنگی ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کے نرخوں میں ایک روپے 99 پیسے فی یونٹ کمی کی مد میں دیا جانے والا سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ریلیف رواں ماہ اگست میں اپنی مدت پوری کرلے گا۔ یہ ریلیف جون 2026 سے نافذ تھا، جس کے تحت صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب 17 کروڑ روپے سے زائد کا فائدہ پہنچ رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس ریلیف کے خاتمے کے بعد اپریل تا جون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اگلے ماہ سے لاگو کیے جانے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کے نرخوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے اس حوالے سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست جمع کروادی ہے، جس میں صارفین پر 23 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تجویز دی گئی ہے۔ یہ اضافہ قریباً ایک روپے فی یونٹ بنتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ نیپرا کی جانب سے کیا جائے گا۔