فضل الرحمان نے ہزاروں شہداء، غازیوں، بیواؤں اور یتیموں کے جذبات کو مجروح کیا، وزیر دفاع

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فوجی جوانوں کی وطن کے لیے قربانی کو تنخواہ سے جوڑنا غیر منصفانہ ہے، یہ شہداء اور ان کے خاندانوں کی دل آزاری ہے۔
اپنے بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان ایک کہنہ مشق سیاست دان اور ممتاز مذہبی رہنما ہیں، ان سے الفاظ کے انتخاب میں زیادہ ذمے داری کی توقع کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوجی جوانوں کی وطن کیلئے قربانی کو تنخواہ سے جوڑنا غیر منصفانہ ہے، یہ شہداء اور ان کے خاندانوں کی دل آزاری ہے، کوئی شخص محض تنخواہ کے لیے اپنی قیمتی جان کی قربانی نہیں دیتا، جان کی قربانی کے پیچھے کسی نظریے، عقیدے، فرض یا وطن سے گہری وابستگی ہوتی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا آپ حالات و واقعات یا طریقہ کار سے اختلاف کرسکتے ہیں، مگر اس نظریے، وابستگی، محبت اور قربانی کی توہین نہیں کرسکتے، دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے، پاک فوج سمیت دیگر اداروں کے جوان اور شہری شہادتیں دے رہے ہیں، ان کی قربانی کو تنخواہ کا نتیجہ قرار دینا سیاسی تنقید نہیں بلکہ اخلاقی بے حسی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مولانا صاحب نے صرف ایک ادارے کو نہیں، ہزاروں شہداء، غازیوں، بیواؤں اور یتیموں کے جذبات کو مجروح کیا۔