عمران پر حملے کی تحقیقات کیلیے جے آئی ٹی کی تشکیل کا فیصلہ

لاہور: عمران خان پر حملہ کیس کی تحقیقات کے لیے پنجاب حکومت کی کابینہ کمیٹی نے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
راجہ بشارت کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کی کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر کا سول سیکریٹریٹ میں اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کے کیس کی تحقیقات کےلیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
جے آئی ٹی کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی ہائی ویز پٹرول ریاض نذیر گاڑھا کریں گے جب کہ جے آئی ٹی کے دیگر ارکان میں متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
کابینہ کمیٹی نے لانگ مارچ میں عمران خان کے لیے مخصوص سیکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس موقع پر راجہ بشارت نے کہا کہ عمران خان کے کنٹینر پر بلٹ پروف روسٹرم اور گلاس لازمی نصب کیا جائے گا، اسنائپرز اور دیگر سیکیورٹی انتظامات میں کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔

Imran Khan attackJITlong marchPTI ChairmanPunjab govt