بنگلادیش کی مکہ دفاعی معاہدے میں شمولیت کی خواہش

ڈھاکا: بنگلادیش کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے کہا ہے کہ ڈھاکا سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بننے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر مملکت برائے امور خارجہ ہمایوں کبیر نے کہا کہ ہم نے مکہ دفاعی معاہدے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے. ہنگلادیش ایک تسلیم شدہ ملک ہے۔ پوری دنیا میں مسلم دنیا کے شراکت دار اب بنگلادیش کی قیادت کو دعوت دے رہے ہیں.
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مغربی ایشیا میں کوئی اسلامی ممالک کے درمیان سیکیورٹی معاہدہ ہے تو اس کا حصہ بننا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔ اس معاملے کو مثبت طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان نے 7 اگست کو مکہ میں سہ فریقی سربراہی اجلاس میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے، جس میں اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانے، دفاعی تعاون کو گہرا کرنے اور خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کو فروغ دینے کا عہد کیا گیا۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر ترک صدر رجب طیب اردوان، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے الصفا پیلس میں ہونے والی سربراہی کانفرنس کے دوران دستخط کیے۔