راولپنڈی: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا جب کہ 2 خاتون خودکُش حملہ آور گرفتار کرلی گئیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلاتعطل جاری ہیں، جن کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشنز کیے جارہے ہیں۔
گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ضلع سوراب اور ضلع مستونگ میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ ایریا سینیٹائزیشن اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 10 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے، ضلع سوراب میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق جہاں 7 دہشت گرد مارے گئے۔ اسی طرح ضلع مستونگ میں کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک کیے گئے جب کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی 2 خاتون خودکُش حملہ آوروں اور ان کے ایک سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولا بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیا گیا، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف مہم پوری قوت سے جاری رہے گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں قومی امن کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی پذیرائی کی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور دو خودکُش بمبار خواتین سمیت ان کے سہولت کار کو گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بلوچستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوش حالی کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم افواجِ پاکستان کے وطنِ عزیز کی حفاظت کے غیرمتزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔