ایون فیلڈ ریفرنس: 7 سال کی سزا کالعدم، مریم نواز بری

اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں عدالت عالیہ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو بری کردیا۔
مریم نواز کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔
جسٹس عامر فاروق نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ ہم پبلک نالج یا کسی کی سنی سنائی بات پر فیصلہ نہیں کرسکتے، مریم نواز پبلک آفس ہولڈر نہیں تھیں، اس لیے ان پر اثاثوں کا کیس نہیں بنتا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ اور نیب پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد کیس کا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے مریم نواز کی 4 سال کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کردیا۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو 7 سال اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی، مریم نواز کو جرم میں معاونت کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔
ایون فیلڈ کیس میں ہی مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

Avenfield Referenceislamabad High courtMaryam Nawaz AcquittalPML N Leader