آرمی چیف کا دورۂ کراچی، مزار قائد پر حاضری

راولپنڈی/ کراچی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا، آرمی چیف کا کراچی پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو سیکیورٹی اور فارمیشن کے دیگر امور پر بریفنگ دی گئی، سپہ سالار نے ملک میں حالیہ غیر معمولی سیلاب کے دوران آپریشنل تیاریوں اور سندھ کے لوگوں تک پہنچنے پر فوج اور رینجرز کے دستوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی میں امن و امان کی صورت حال میں بہتری پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کی۔

Army Chief General Asim MunirISPRkarachi visitQuaid e Azam Mazar