آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف لڑیں گے، آرمی چیف

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کے خاتمے تک لڑیں گے۔
گزشتہ روز شانگلہ میں پیش آنے والے دہشتگردی کے افسوسناک واقعے کے تناظر میں آج وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں سرحدوں کے پار دہشت گردوں کے لیے دستیاب پناہ گاہوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا جب کہ شرکا نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے علاقائی نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔
آرمی چیف نے اجلاس میں ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا، آرمی چیف نے کہا کہ قوم نے پچھلی دو دہائیوں میں ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قوم نے پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے، ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف لڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کے خاتمے تک لڑیں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستانی عوام کی ثابت قدمی اور حوصلے کو کم سمجھا ہے، ہم اپنی پوری طاقت سے آخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔

 

#Army Chief5 Chinese EngineersGeneral Asim MunirKilledShangla AttackTerrorism