بلوچستان کے عوام کے عزم کو گمراہ عناصر متزلزل نہیں کرسکتے، آرمی چیف

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے سی پیک کا جائزہ لینے کے لیے گوادر کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ دورہ بلوچستان کے دوران آرمی چیف کو موجودہ سیکیورٹی صورت حال، فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، سی پیک سیکیورٹی، پُرامن اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کی کوششوں پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے تمام رینکس کی کوششوں کو سراہا اور بلوچستان کے عوام کی بھلائی کے لیے پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ کام جاری رکھنے پر زور دیا، جنرل عاصم منیر نے مقامی معززین، منتخب نمائندوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے بات چیت کی۔
آرمی چیف عاصم منیر نے کہا کہ مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، امن اور خوش حالی کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
آرمی چیف نے تعلیم، سولر سسٹم کی تنصیب، ماہی گیری، پانی، صحت، کھیل اور معاش سے متعلق فلاحی منصوبوں کا اعلان کیا جب کہ دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو اور کور کمانڈر کوئٹہ موجود تھے۔

Army chiefCPECGeneral Asim MunirGwaderVisit Balochistan