آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان، رضوان ڈراپ

لاہور: آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، رضوان ڈراپ، تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے لیے پاکستان نے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
شاہین شاہ آفریدی آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
سینئر بلے باز بابر اعظم، نسیم شاہ، شاداب خان اور سفیان مقیم کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جب کہ محمد رضوان کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
اسکواڈ میں رضوان کی جگہ محمد غازی غوری اور روحیل نذیر کو وکٹ کیپر بیٹرز کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
عثمان خان بیماری کے باعث زیر غور نہیں آئے جب کہ فخر زمان اور صائم ایوب انجری کے باعث بدستور ری ہیب پروگرام جاری رکھیں گے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز 30 مئی سے 4 جون تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال، عرفات منہاس، بابر اعظم، حارث رؤف، معاذ صداقت، محمد غازی غوری، نسیم شاہ، روحیل نذیر، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان، شامل حسین، سفیان مقیم۔