سعودیہ کے دورے کے بعد وزیراعظم کی قطر آمد، امیر قطر سے ملاقات

دوحہ: وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ ختم کرکے قطر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی سے ملاقات کی۔
وزیراعظم اور امیر قطر کی ملاقات میں خطے کی صورت حال، خصوصاً خلیج میں کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور وزیراعظم نے قطر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان قطر اور دیگر ممالک پر حملوں کی مذمت کرتا ہے۔
شہباز شریف اور امیرِ قطر نے دو طرفہ تعلقات، سیکیورٹی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور خلیجی ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امن و استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
اس سے قبل قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچنے پر وزیر مملکت خارجہ امور سلطان بن سعدالمریخی نے وزیراعظم اور وفد کا استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی، ترجمان برائے بین الاقوامی میڈیا مشرف زیدی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کو قطری مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی بھی دی جب کہ وزیراعظم اور پاکستانی وفد کی آمد پر دوحہ ایئرپورٹ اور شہر کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا۔
دوسری جانب وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق قطر کی حدود میں داخل ہوتے ہی قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے وزیراعظم کے طیارے کو حفاظتی حصار میں لیا۔
قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے وزیراعظم کے جہاز کو حفاظتی حصار میں ایئرپورٹ تک چھوڑا جب کہ وزیراعظم نے قطری قیادت اور پائلٹس کی جانب سے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔