کراچی: ٹی وی اور فلموں کے سینئر اداکار وسیم عباس نے صبا حمید کے ساتھ اپنی دوسری شادی اور پھر طلاق سے متعلق چند اہم انکشافات کیے ہیں۔
وسیم عباس کا ایک انٹرویو سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے، جس میں وہ ورسٹائل اداکارہ صبا حمید سے اپنے ازدواجی تعلق ختم ہونے پر گفتگو کررہے ہیں۔
وسیم عباس نے کہا کہ میری اور صبا کی شادی 29 برس چلی، جس کے بعد ہم نے باہمی رضامندی سے طلاق کا فیصلہ کیا، میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں کہ وہ خوش رہیں۔
وسیم عباس نے کہا، ضروری نہیں ہوتا کہ جب کوئی رشتہ ختم ہو تو اس میں ایک سچا اور ایک جھوٹا ہو، بعض اوقات یوں بھی ہوتا ہے کہ دونوں اپنی اپنی جگہ سچے ہوتے ہیں اور دونوں کے پاس اپنی اپنی وجوہ ہوتی ہیں جو صحیح ہوتی ہیں۔
وسیم عباس کا کہنا تھا کہ بجائے اس کے کہ انسان کرخت سی زندگی گزارے، صحیح وقت پر راہیں جدا کرلینی چاہئیں، عزت آبرو سے الگ ہوجانے میں کوئی برائی نہیں ہے، ہمارے بچے تو تھے نہیں، میری پہلی شادی سے چار اور صبا کے پہلی شادی سے دو بچے تھے، ہم نے شادی کے وقت فیصلہ کیا تھا کہ ہمیں آپس میں بچے نہیں چاہئیں۔
ایک سوال کے جواب میں وسیم عباس نے کہا، میری صبا سے کوئی ناراضی نہیں ہے، اب بھی ہم کہیں ملتے ہیں تو خوش گوار ماحول میں بات چیت ہوتی ہے اور کوئی ہمیں اگر ڈرامے میں کاسٹ کرے گا تو ہم کام کریں گے۔