عباس عراقی کی مذاکرات کیلئے آج اسلام آباد آمد، ایرانی میڈیا نے تصدیق کردی

اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی خطے کی صورت حال پر مشاورت اور مذاکرات کے لیے آج رات اسلام آباد پہنچیں گے۔
وزیر خارجہ عباس عراقچی آج شام (24 اپریل) کو اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کے دوے پر روانہ ہوں گے اور اس دورے کا مقصد مشاورت، تبادلہ خیال اور خطے میں ہونے والی پیش رفت پر مذاکرات کریں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ عباس عراقچی کے دورے کے مقاصد میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط کی گئی جنگ کی صورت حال پر بھی مشاورت کریں گے۔
قبل ازیں حکومتی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستانی مصالحتی ٹیم سے اہم بات چیت اور گفتگو کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد امن مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ متوقع ہے۔
امریکا کی لاجسٹک اور سیکیورٹی ٹیم بھی مذاکراتی عمل کے لیے اسلام آباد میں پہلے سے موجود ہے۔
قبل ازیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا۔
ٹیلی فونک رابطے میں علاقائی صورتحال، جنگ بندی اور اسلام آباد کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مسائل کے حل میں مسلسل اور بامعنی مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس موقع پر پاکستان کے مثبت اور تعمیری سہولت کاری کے کردار کو سراہا اور خطے میں امن کے لیے اسلام آباد کی کاوشوں کو اہم قرار دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور آئندہ بھی قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔