وزیراعظم کا بڑا اعلان، سیلاب زدگان کے 2 ماہ کے بجلی بل معاف

کوئٹہ: سیلاب متاثرین کے لیے وزیراعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے بڑا اعلان سامنے آیا ہے، سیلاب زدگان کے 2 ماہ کے بجلی کے بل معاف کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثر ضلع صحبت پور کا دورہ کیا، متاثرین کے کیمپ میں قائم اسکول بھی گئے اور بچوں سے گفتگو کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دورے کے دوران خواتین سے مسائل معلوم کیے اور ان کے حل کے لیے اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بریفنگ کے دوران متاثرہ علاقوں میں امدادی کام تیز کرنے اور پانی نکالنے کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پر قابو پانا ضروری ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے اگست اور ستمبر کے بجلی کے بل معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز بھی نہیں لیے جائیں گے۔

Electricity bills waived for flood victimsPM Shehbaz SharifSohbatpurVisit Balochistan