شوبز برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کا کینسر کے علاج کے بعد اہم انکشاف

لندن: برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے کینسر کے علاج اور صحت یابی کے دوران پیش آنے والے تجربات سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ اس بیماری نے ان کی زندگی اور سوچ کو گہرائی سے تبدیل کردیا۔
اپنی آنے والی دستاویزی فلم ’ہیل‘ کے ٹریلر میں بھائی جیمز مڈلٹن سے گفتگو کرتے ہوئے شہزادی نے بتایا کہ کینسر صرف جسمانی تبدیلیوں کا سبب نہیں بنتا بلکہ انسان کی اندرونی کیفیت، سوچ اور زندگی کو دیکھنے کا انداز بھی بدل دیتا ہے۔
کیٹ مڈلٹن نے انکشاف کیا کہ کینسر کا علاج مکمل ہونے کے بعد انہوں نے اسپتال میں روایتی گھنٹی نہیں بجائی، حالانکہ عموماً مریض صحت یابی کی خوشی میں یہ روایت پوری کرتے ہیں۔ ان کے مطابق بیماری سے گزرنے کا تجربہ محض علاج مکمل ہونے یا کسی ایک مرحلے کے اختتام تک محدود نہیں ہوتا بلکہ اس کے اثرات انسان کی زندگی پر برقرار رہتے ہیں۔
شہزادی کیٹ مڈلٹن نے مشکل وقت میں خاندان اور قریبی افراد کی حمایت کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ زندگی کی آزمائشوں کا سامنا تنہا نہیں کرنا چاہیے۔ اپنوں کا ساتھ مشکل حالات میں حوصلہ اور طاقت فراہم کرتا ہے۔
واضح رہے کہ کیٹ مڈلٹن نے مارچ 2024 میں اپنے کینسر کی تشخیص کا اعلان کیا تھا جب کہ جنوری 2025 میں انہوں نے بیماری میں افاقے کی خوش خبری سنائی تھی۔ ان کے یہ انکشافات کینسر سے متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کے لیے جذباتی اہمیت رکھتے ہیں۔
https://urdu.voiceofsindh.com.pk/british-princess-kate-middleton-makes-major-revelation-after-cancer-treatment/






