بلاگ باپ کی محبت

وقاص بیگ
رات کے ساڑھے تین بج رہے تھے۔ اسپتال کے کمرے میں مشینوں کی مسلسل آواز گونج رہی تھی۔ بستر پر لیٹا بوڑھا شخص بار بار دروازے کی طرف دیکھتا، پھر آنکھیں بند کرلیتا۔ اس کی سانسیں بوجھل تھیں، ہاتھوں میں کپکپاہٹ تھی مگر آنکھوں میں ایک ہی انتظار زندہ تھا۔ اسے اپنے بیٹے کا انتظار تھا۔
وہی بیٹا جسے اس نے کبھی انگلی پکڑ کر چلنا سکھایا تھا، جس کے لیے اپنی بھوک چھپائی تھی، جس کی فرمائشوں کے سامنے اپنی خواہشیں قربان کی تھیں۔ آج وہی بیٹا تین دن سے اسپتال نہیں آیا تھا۔
بوڑھے نے نرس کو آواز دی۔ ’’بیٹی! ذرا میرا موبائل پکڑانا۔‘‘
نرس نے موبائل اس کے ہاتھ میں دے دیا۔ اس نے کانپتی انگلیوں سے بیٹے کا نمبر ملایا۔
دوسری طرف سے آواز آئی۔ ’’ابا! ابھی مصروف ہوں، بعد میں بات کرتا ہوں۔‘‘
بوڑھے نے چند لمحے خاموش رہنے کے بعد صرف اتنا کہا: ’’بیٹا، مصروف رہنا، بس اپنا خیال رکھنا۔‘‘
فون بند ہوگیا۔ اس نے موبائل سینے پر رکھا اور چھت کو دیکھنے لگا۔ آنکھ کے کونے سے ایک آنسو نکلا اور سفید تکیے میں جذب ہوگیا۔
اس آنسو میں شاید پوری زندگی کی کہانی چھپی تھی۔ چالیس برس پہلے یہی شخص ایک معمولی مزدور تھا۔ صبح اندھیرے میں گھر سے نکلتا اور رات گئے واپس آتا۔ اس کے ہاتھوں کی لکیروں میں محنت تھی اور چہرے پر تھکن، لیکن جب چھوٹا سا بیٹا دوڑ کر گلے لگتا تو اسے محسوس ہوتا جیسے دنیا کی ساری دولت اس کے قدموں میں آگئی ہو۔
بیٹے نے ایک دن اسکول سے آکر کہا: ’’ابا! میرے سب دوستوں کے پاس نئے جوتے ہیں، میرے جوتے پرانے ہوگئے ہیں۔‘‘
باپ نے مسکرا کر اس کے سر پر ہاتھ رکھا۔ ’’کل لے آؤں گا، میرے شہزادے!‘‘
اس رات وہ کھانا کھائے بغیر سوگیا۔ اگلی صبح اپنے لیے خریدی ہوئی نئی چپل واپس کرکے بیٹے کے لیے جوتے لے آیا۔
بیٹا خوشی سے اچھل پڑا۔ ’’ابا! آپ کتنے اچھے ہیں!‘‘
باپ ہنس دیا۔ ’’بس بیٹا، تم خوش رہا کرو، میری ساری تھکن اتر جاتی ہے۔‘‘
اسے کیا معلوم تھا کہ ایک دن یہی بچہ اتنا بڑا ہوجائے گا کہ باپ کی آواز سننے کے لیے بھی وقت نہیں نکال سکے گا۔
وقت گزرتا گیا۔ بیٹا پڑھ لکھ کر ایک بڑی کمپنی میں ملازم ہوگیا۔ اس کی شادی ہوئی، گھر بنا، گاڑی آگئی، زندگی میں آسائشیں جمع ہوتی گئیں۔
باپ اب بوڑھا ہوچکا تھا۔ اس کی کمر جھک گئی تھی، آنکھوں کی روشنی کم ہوگئی تھی اور ہاتھوں میں پہلے جیسی طاقت نہیں رہی تھی۔
ایک دن بیٹے نے کہا: ’’ابا! آپ ہر وقت پرانی باتیں کرتے رہتے ہیں۔ ذرا خود کو بدلیں، اب زمانہ بدل گیا ہے۔‘‘
باپ خاموش ہوگیا۔ اس نے صرف اتنا کہا: ’’بیٹا، زمانہ تو بدل گیا ہے، مگر باپ کا دل آج بھی وہیں کھڑا ہے جہاں تم پہلی بار اسکول گئے تھے۔‘‘
بیٹے نے بات سنی، مگر سمجھنے کی کوشش نہیں کی۔
پھر ایک دن باپ نے فون کرکے کہا: ’’بیٹا، اگر فرصت ہو تو آج میرے پاس آجانا۔ تمہاری ماں کے بعد گھر بہت خالی لگتا ہے۔‘‘
بیٹے نے جواب دیا: ’’ابا! آج دفتر میں بہت کام ہے، اتوار کو آؤں گا۔‘‘
اتوار آیا تو بیٹا دوستوں کے ساتھ باہر چلا گیا۔ باپ نے شام تک دروازہ کھلا رکھا۔ رات کو دروازہ بند کرتے ہوئے اس نے خود سے کہا: ’’کوئی بات نہیں، بچے بڑے ہوجاتے ہیں تو مصروف بھی ہوجاتے ہیں۔‘‘
کچھ لوگ اپنی تنہائی کو بھی اولاد کی مصروفیت کا نام دے کر برداشت کرلیتے ہیں۔ اسپتال میں چوتھا دن تھا۔ ڈاکٹر نے بیٹے کو فون کیا۔ ’’آپ کے والد کی حالت تشویش ناک ہے۔ اگر ممکن ہو تو جلد آجائیں۔‘‘
اس بار بیٹا گھبرا گیا۔ دفتر سے نکلا اور سیدھا اسپتال پہنچا۔ باپ نے بیٹے کو دیکھا تو کمزور ہونٹوں پر مسکراہٹ آگئی۔ ’’آگیا میرا بچہ؟‘‘
بیٹے نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔ ’’ابا! آپ نے بتایا کیوں نہیں کہ طبیعت اتنی خراب ہے؟‘‘
باپ نے دھیرے سے کہا: ’’بتایا تو تھا بیٹا، تم مصروف تھے۔‘‘
یہ جملہ تیر کی طرح بیٹے کے دل میں اتر گیا۔ وہ نظریں جھکا کر بیٹھ گیا۔ کچھ دیر بعد باپ نے تکیے کے نیچے سے ایک چھوٹا سا لفافہ نکالنے کی کوشش کی۔ ’’بیٹا، یہ تمہارے لیے ہے۔‘‘
بیٹے نے لفافہ کھولا۔ اس میں بچپن کی ایک تصویر تھی، جس میں وہ باپ کی انگلی پکڑے کھڑا تھا۔ ساتھ ایک کاغذ تھا، جس پر لرزتے ہاتھوں سے لکھا تھا: ’’میرے بیٹے!
جب تم چھوٹے تھے تو رات کو ڈر کر اٹھ جاتے تھے اور میری انگلی پکڑ کر سو جاتے تھے۔ آج میں رات بھر ڈرتا ہوں، مگر میری انگلی پکڑنے والا کوئی نہیں۔ میں تم سے کچھ نہیں مانگتا۔ نہ پیسے، نہ تحفے، نہ کوئی سہولت۔ بس کبھی میرے پاس بیٹھ جایا کرو۔ بوڑھے باپ کو دوائی سے زیادہ اولاد کی آواز کی ضرورت ہوتی ہے۔ تمہارے بچپن میں تمہارے پاس میرے لیے بہت وقت تھا، اب میرے پاس تمہارے لیے بہت کم وقت رہ گیا ہے۔ اگر زندگی نے مہلت دی تو پھر ملیں گے۔ تمہارا باپ۔‘‘
بیٹے کے ہاتھ سے کاغذ گر گیا۔ وہ باپ کے سینے سے لپٹ کر بچوں کی طرح رونے لگا۔ ’’ابا! مجھے معاف کردیں۔ میں بہت برا بیٹا ہوں۔ اب کبھی آپ کو اکیلا نہیں چھوڑوں گا۔‘‘
باپ نے بڑی مشکل سے اس کے سر پر ہاتھ رکھا۔ ’’نہیں میرے بچے، باپ اپنے بچوں سے حساب نہیں لیتا۔‘‘
پھر اس نے دھیرے سے کہا: ’’بس ایک بات یاد رکھنا، جب تمہارا بیٹا تمہیں آواز دے تو اسے کبھی یہ مت کہنا کہ میں مصروف ہوں۔ بچے انتظار کرنا سیکھ جاتے ہیں، مگر باپ کا انتظار بہت جلد ختم ہوجاتا ہے۔‘‘
صبح کی پہلی اذان بلند ہوئی۔ بیٹا اپنے باپ کا ہاتھ تھامے بیٹھا تھا۔ اچانک اسے محسوس ہوا کہ باپ کی انگلیوں کی گرفت ڈھیلی پڑ رہی ہے۔
’’ابا! ابا! آنکھیں کھولیں، میں آگیا ہوں۔ دیکھیں، آپ کا بیٹا آگیا ہے۔‘‘ مگر اس بار باپ نے آنکھیں نہیں کھولیں۔
اس کے چہرے پر عجیب سا سکون تھا، جیسے برسوں کے انتظار کے بعد اسے اپنے رب کے حضور وہ قرار مل گیا ہو جس کی تلاش میں وہ دنیا بھر میں بھٹکتا رہا تھا۔ بیٹا چیخ کر رو پڑا۔
اس نے باپ کے بے جان ہاتھ کو اپنے ماتھے سے لگایا اور بار بار کہتا رہا: ’’ابا! ایک بار پھر مجھے بچہ کہہ دیں۔ ایک بار پھر میرا نام لے لیں۔ ایک بار پھر مجھے گلے لگا لیں۔ میں اب کبھی مصروف نہیں ہوں گا، اب کبھی نہیں!‘‘
مگر وقت کسی کی فریاد نہیں سنتا۔ کئی ماہ گزر گئے۔ بیٹے کے پاس اب سب کچھ تھا۔ خوبصورت گھر، قیمتی گاڑی، اچھی ملازمت اور دنیا کی ہر آسائش، مگر گھر کے ایک کمرے میں رکھی پرانی کرسی اسے ہر روز رلاتی تھی۔
وہ کرسی جس پر اس کا باپ بیٹھ کر دروازے کی طرف دیکھا کرتا تھا۔ ایک شام اس کا چھوٹا بیٹا اسکول سے آیا اور بولا: ’’ابو! آج میرے ساتھ بیٹھیں گے؟ مجھے آپ کو ایک کہانی سنانی ہے۔‘‘
بیٹا چند لمحے اسے دیکھتا رہا۔ پھر اسے اپنے باپ کا آخری خط یاد آگیا۔ اس نے بچے کو سینے سے لگایا اور کہا: ’’ہاں میرے شہزادے! آج نہیں، ہمیشہ تمہارے پاس بیٹھوں گا۔‘‘
اس رات اس نے پہلی بار سمجھا کہ باپ ہونا صرف اولاد کے لیے کمانا نہیں، بلکہ اس کے لیے وقت نکالنا بھی ہے۔
اور اس نے اپنے بیٹے کے ماتھے کو چومتے ہوئے دل ہی دل میں اپنے مرحوم باپ سے کہا: ’’ابا! کاش یہ بات میں آپ کی زندگی میں سمجھ جاتا۔‘‘
کچھ قرض ایسے ہوتے ہیں جو ساری زندگی چکائے نہیں جاسکتے اور باپ کی محبت انہی میں سے ایک ہے۔
https://urdu.voiceofsindh.com.pk/a-fathers-love/






